• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمان کی تقریر کے دوران اپوزیشن کا احتجاج

پارلیمان کے ایوان بالا میں پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا۔

اپوزیشن ارکان نشستوں سے اٹھ گئے اور اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور شیری رحمان کی تقریر کے دوران احتجاج کیا۔

پی پی سینیٹر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں سارے دوست ملک پاکستان سے دور ہوئے، اپوزیشن سے حکومت کی معاشی اور سفارتی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ امریکا کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو کالعدم فہرست میں شامل کرنا پاکستان کی واضح فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو انٹرنیشنل فورمز پر دہشت گردی سے منسلک کرنے کی کوشش کی، بھارت، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کی معاونت کر رہا ہے، اس کے شواہد موجود ہیں۔

پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کے ثبوت وقتاً فوقتاً اقوام متحدہ کو دیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو سمیت ہم سب سفارتکاری کے محاذ پر کوشاں ہیں، امریکی صدر پاکستان کا نام لے کر شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ وائٹ ہاؤس یا کوئی عالمی ادارہ ثبوتوں کے بغیر کسی کو دہشت گرد ڈکلیئر نہیں کرتا، سب کو پتہ ہے کہ یہ دہشت گرد تنظیمیں بھارت سے لنک کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے سفارت کاری سے ہو یا عسکری طریقے سے، ہم اپنا جواب دینا جانتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید