وفاقی وزیر بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں جمہوریت نام کی چیز نہیں، ہم نے ان کو کئی بار بات چیت کی دعوت دی، اب بہت ہوچکا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بیرسٹر عقیل اور پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے شرکت کی، وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو حقائق کا معلوم ہونا چاہئے، ہم 9 مئی والے نہیں، 28 مئی والے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، ن لیگ نے موٹروے کا جال بچھایا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ملک کے وقار، سالمیت پر کبھی سمجھوتا نہیں ہوا، ماضی میں جب بھی ہمارے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں اور ہم نے بتایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ کیا نواز شریف نے آئی ایم ایف کو کبھی خط لکھے، نواز شریف نے کبھی ملک کے خلاف کچھ نہیں کیا، ہم جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں، یہ رویے قائم ہونے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کولانچ کیا گیا، قومیں نعروں، دعووں اور تقاریر سے ترقی نہیں کرتیں، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے کردار کشی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آدھے سے زیادہ لوگ کہتے ہیں خدارا کوئی رستہ نکالیں، کے پی کے لوگ چیخ اٹھے ہیں کہ پنجاب کی طرح انہیں بھی ترقی چاہیے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کو مائنس نہیں کیا، ہر کام میں نواز شریف سے مشاورت کی جاتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گورنر راج لگانے سے متعلق سنجیدگی سے بات ہورہی ہے، گورنر راج آئینی عمل ہے، لیکن انتہائی غیر پسندیدہ ہے۔