وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج پاکستان اقوام عالم میں سر بلند ہے اور معاشی بلندیوں کی طرف گامزن ہے۔
انہوں نے یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسی بے مثال سر زمین عطا کرنے، آزاد سر زمین میں باوقار زندگی گزارنے کا موقع ملنے پر اللّٰہ کریم کا شکر بجا لاتے ہیں۔ الحمد للّٰہ رب العالمین، قوم کو 78واں یوم آزادی مبارک ہو۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے پر بے حد فخر ہے، شکر ادا کرتے ہیں۔ معرکہ حق میں کامیابی سے سرفراز ہونے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی لو سے دنیا چمک رہی ہے۔ پاکستان ہماری آن، بان، شان ہے، پاکستان کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوم آزادی پر علامہ اقبال، قائداعظم اور ان کے رفقا کار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم آزادی کا دن مناتے ہوئے لاکھوں شہداء کو کیسے بھول سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں بحیثیت پاکستانی اپنا احتساب کرنا ہوگا، پاکستان نے ہمیں عزت اور آزادی دی ہم نے ملک کو کیا دیا؟
ان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ قوم جاگ رہی ہے، سرحدوں پر جوان جاگ رہے ہیں۔