چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بونیر میں سیلابی صورتحال کے باعث ہیلی کاپٹر سروس اور وفاقی و صوبائی حکومت سے ضلع کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا سیلاب کی زد میں ہے، مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، بونیر کے کئی علاقوں میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ جانور اور گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بونیر کے ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں، ہیلی کاپٹر سروس کا مطالبہ کیا ہے، دو مقامات پر ریسکیو خدمات انجام دیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن شروع کردیے ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور متعلقہ اداروں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ حوصلہ رکھیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔ ریسکیو آپریشن میں شہری ساتھ دیں، صوبائی حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ سیاست سے بالاتر ہو کر نقصانات کا ازالہ اور خدمات سر انجام دینی ہیں۔