خیبرپختونخوا حکومت نے امدادی کارروائیوں کےلیے جانے والا ہیلی کاپٹر کریش ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا ،جس میں 5 افراد شہید ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر سالار زئی میں امدادی سامان لے گیا تھا کہ اس سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خراب موسم کےسبب مہمند کی فضائی حدود میں ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ علاقے میں فوری طور پر ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دی گئی ہیں، کے پی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر ضلع بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔
اس سے قبل چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر کا رابطہ باجوڑ جاتے ہوئے تحصیل ماموند کے علاقے میں منقطع ہوگیا تھا۔
صوبائی چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ یلی کاپٹر باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کےلیے جارہا تھا اور ضلع مہمند میں ہیلی کاپٹر کی تلاش جاری ہے۔