ترجمان سپارکو نے بتایا ہے کہ پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے زمین کے مدار میں فعال ہے۔
پاکستان میں خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو کے ترجمان نے بتایا کہ سیٹلائٹ گزشتہ مہینے 31 جولائی کو چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے بھیجا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ کامیاب لانچ کے بعد سیٹلائٹ نے گراؤنڈ اسٹیشنز کے ساتھ مستحکم رابطہ قائم کرلیا اور اب سیٹلائٹ نے خلا سے ہائی ریزولوشن تصاویر حاصل کرکے زمین پر بھیجنا شروع کردی ہیں۔
اسپارکو ترجمان نے مزید کہا کہ مختلف قومی شعبوں کے لیے ڈیٹا کی دستیابی ممکن ہوسکے گی، یہ سیٹلائٹ اعلیٰ معیار کی تصویریں کھینچنے صلاحیت کا حامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سیٹلائٹ سے انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور علاقائی منصوبہ بندی میں مدد ملے گی۔ مزید یہ کہ اس سیٹلائٹ سے قدرتی آفات سے بچاؤ کے نظام کو مستحکم کیا جاسکے گا، اب سیٹلائٹ سے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، زلزلوں اور دیگر خطرات کے لیے بروقت ڈیٹا مل سکے گا۔