سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد، محمد بن سلمان کی جانب سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو تعزیتی پیغامات بھیجے گئے ہیں۔
سعودی شاہ اور ولی عہد نے مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے اور متاثرین سے ہمدری کا اظہار کیا ہے۔
سعودی شاہ اور ولی عہد نے زخمیوں کی جِلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
جانی و مالی نقصان کی تفصیل
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے میں بارش اور فلیش فلَڈ سے پیش آئے مختلف حادثات میں 323 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک 209 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے میں 156 افراد زخمی اور 336 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 230 مکانات کو جزوی اور 106 مکانات مکمل تباہ ہوئے ہیں۔