اسلام آباد ، لاہور،کراچی (نیوز ایجنسیاں، نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخو ا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ہے، این ڈی ای ایم اے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے نیلم، پونچھ اور باغ میں سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں، خیبرپختونخوا میں پشاور چترال دیر اورچار سدہ میں سیلاب کے خطرات زیادہ ہیں،بارشوں کے تین مزید سلسلے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ بارشوں میں مزید شدت متوقع ہے،بالائی پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں،محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، خطہ پو ٹھو ہار، ڈی جی خان /کو ہ سلیمان اور شمال مشر قی بلوچستان کے مقامی و بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ شمال مشر قی پنجاب،اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور ، نوشہرہ اورجنو ب مشرقی سندھ کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کاخدشہ ہے،شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہوگئی ہیں،سندھ کے مختلف شہروں میں بارش جبکہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا ہےکہ ستمبر کے پہلے دس دنوں تک مون سون کے اسپیل باقی رہیں گے، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق نقصانات کے ازالے کے لئے سروے کیا جائے گا، اگلے دو ہفتوں میں ہمارا فوکس شمالی پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان ہو گا، ارلی وارننگ نقصانات سے بچنے کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے کہا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہے گا جس میں مزید شدت متوقع ہے، بارشوں کے 3 مزید سلسلے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔اسلام آباد میں این ڈی ایم اے حکام نے میڈیا کو بریفنگ دی، اس موقع پر ٹیکنیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر طیب شاہ نے کہا کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہے گا جس میں مزید شدت متوقع ہے، 22 اگست کے بعد مون سون کا ایک اور سلسلہ شروع ہو گا، بارشوں کے 3 مزید سلسلے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ڈاکٹر طیب شاہ نے کہا کہ خلیج بنگال کی جانب سے ایک نیا بارشوں کا سلسلہ پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے، افغانستان کے ننگرہار اور قندھار ریجن سے ایک سلسلہ پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے، پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور پنجاب کے علاقے شدید خطرات کا شکار ہیں۔جنرل منیجر این ڈی ایم اے زارا حسن نے بتایا کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں شدید بارشوں متوقع ہیں، تربیلا ڈیم میں اس وقت 98 فیصد پانی بھر چکا ہے، اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کے ذخائر میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔