• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کی ڈیل نہیں ہوئی، اُن کے ساتھ انصاف ہوا ہے، سینیٹر علی ظفر

اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ شاہ محمود کی ڈیل نہیں ہوئی، اُن کے ساتھ انصاف ہوا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر علی ظفرنے کہا کہ میں نے نہیں سنا کہ سینیٹر فیصل واوڈا نے شاہ محمود قریشی سے متعلق کیا بیان دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو سپریم لیڈر ہیں، وہ بانی پی ٹی آئی ہیں، جن پرکوئی سوال نہیں، شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین ہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کو جو بھی ذمہ داری دی جائے گی وہ اسے نبھائیں گے، ہمیں اس وقت سینئر سیاستدان کی ضرورت ہے۔ شاہ محمود کا تجربہ زیادہ ہے، ہمیں ان کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ 

سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ پارٹی میں کسی کو تبدیل کرنے کی کوئی بات نہیں ہورہی۔ شاہ محمود کو بانی پی ٹی آئی جو ذمے داری دیں گے، وہ پوری طرح نبھائیں گے۔

صحافی نے استفسار کیا کہ قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ شاہ محمود قریشی کی ڈیل ہوگئی ہے، کیا کہیں گے؟ اس پر بیرسٹر علی طفر نے جواب دیا کہ ایسی کوئی بات نہیں ان کے ساتھ انصاف ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں ہوئی ہیں، اُن کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، امید ہے انہیں بھی انصاف ملے گا۔

قومی خبریں سے مزید