نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ میرپورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ ٹھٹھہ، بدین، جامشورو اور دادو میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مرکزی شاہراہیں اور مقامی سڑکیں زیر آب آنے سے آمدورفت متاثر رہنے کا امکان ہے۔ بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پچھلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر 145 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شارع فیصل پر 133، گلشن معمار میں 102، ناظم آباد میں 149 اور پرانا ایئرپورٹ پر 163 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح نارتھ کراچی میں 148 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کورنگی میں 138 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں 81، سعدی ٹاؤن میں 146، ڈی ایچ اے فیز 7 میں 138 اور کیماڑی میں 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جناح ٹرمینل پر 156، سرجانی ٹاؤن میں 151، پی اے ایف بیس مسرور کراچی غربی میں 101 اور بحریہ ٹاؤن میں 4.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔