خیبر پختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جہاں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے، وہیں سپر اسٹار ماہرہ خان بھی نتھیا گلی کے دورے کے دوران ایک خوفناک تجربے سے دوچار ہوئیں۔
ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کل نتھیا گلی سے واپس آتے ہوئے بہت خوفزدہ تھی صرف یہ ہی خیال اور خوف تھا کہ کہیں لینڈ سلائیڈ نہ ہو جائے یا درخت نہ گر پڑے، یہ لمحہ بہت خوفناک تھا، بے بسی محسوس ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران ان کا ذہن بار بار ان ہزاروں متاثرین کی طرف بھی جاتا رہا جو ان دنوں بارشوں اور سیلاب کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ وہ لوگ کیسا محسوس کر رہے ہوں گے جنہوں نے اپنے پیارے اور گھر کھو دیے۔
ماہرہ خان نے اپنی تحریر میں لکھا کہ مجھے اب اس بات کا شدید احساس ہے کہ قدرتی آفات کے سامنے لوگ کس قدر بے بس ہوجاتے ہیں۔
اداکارہ نے حالیہ تباہ کن بارشوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے رحم اور حفاظت کی دعا بھی کی۔