• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی تا کشمیر بارشوں اور سیلاب سے تباہی، فنکار برادری عوامی کرب کی آواز بن گئی

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

کراچی سے کشمیر تک میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر شوبز ستارے بھی بول پڑے اور حکومت کی نااہلی و ناقص حکمتِ عملی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

پاکستان حالیہ دنوں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہے، بونیر، صوابی، کشمیر، خوشاب اور دیگر علاقوں میں اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے، جگہ جگہ پانی نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث شہر کا بڑا حصہ زیرِ آب آ گیا، مرکزی شاہراہیں، بازار اور رہائشی علاقے ڈوب گئے۔

اس صورتحال پر شوبز شخصیات نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، نظام کی ناکامی اور حکومتی اداروں کی غفلت پر کھل کر آواز بلند کی۔

 مشی خان، خالد انعم، حنا بیات، فیصل قریشی، سجل علی، شہزاد رائے، صنم جنگ، ہمایوں سعید، جویریہ سعود، احسن خان، شنیرا اکرم، فیروز خان، کبریٰ خان اور حدیقہ کیانی سمیت متعدد معروف شخصیات نے بارشوں کے بعد بنیادی ڈھانچے کی بدتر حالت اور عوام کی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فنکاروں کی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس میں عوامی مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے حکام سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اداکارہ صنم سعید نے متعلقہ اداروں کو جواب دہی کے لیے ٹوئٹر پر ٹیگ کیا اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا، ایمن خان نے بھی پوچھا کہ ہماری حکومت کیا رہی ہے؟

اداکارہ ماورا حسین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ایسا شہر جو لاکھوں کا گھر ہے، لاکھوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے ، لاکھوں کے خوابوں کا سہارا ہے ، وہ ڈوب رہا ہے۔

رَیپر طلحہ انجم نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کراچی والے گھبرائیں نہیں، اجرک نمبر پلیٹ آپ کی گاڑی یا موٹر سائیکل کو ڈوبنے نہیں دے گی!

گلوکار فرحان سعید نے لاہور اور کراچی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل کراچی کے لیے روتا ہے، لوگ جتنا سہتے ہیں، حکمران بھی اتنا ہی سہنے پر مجبور کرتے ہیں، کاش کراچی بھی وہ ترقی دیکھتا جس کا یہ شہر مستحق ہے۔

اداکارہ مریم نفیس نے شہریوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلابی مناظر دل دہلا دینے والے ہیں لیکن مجھے پاکستانیوں پر فخر ہے، کچھ لوگ اپنے گھروں کے دروازے کھول رہے ہیں، کاروباری لوگ پناہ دے رہے ہیں اور ٹریفک میں پھنسے شہری آپس میں کھانے پینے کی چیزیں بانٹ رہے ہیں۔

اداکارہ حنا الطاف نے اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ یہ محض بارش نہیں تھی، بلکہ ایک اور یاد دہانی تھی کہ اس شہر میں ہم سب کتنے غیر محفوظ ہیں۔

دیگر شوبز ستاروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بار بار ہونے والی اس تباہی کا مستقل حل نکالا جائے اور حکومتی ادارے اپنی غفلت کا ازالہ کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید