کراچی میں اہم انڈر پاسز اور سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کردی گئی، ڈرگ روڈ انڈر پاس پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کے لئے بند ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
جمعے سے سسٹم کی شدت میں کمی متوقع ہے، جبکہ ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
کراچی کی اکثر مارکیٹوں سے برساتی پانی نکال دیا گیا یے، ناظم آباد انڈر پاس، طارق روڈ انڈر پاس، سہراب گوٹھ انڈر پاس اور گولیمار انڈر پاس سے پانی نکال دیا گیا۔
نیپا چورنگی پر جمع پانی نکال کر ٹریفک رواں دواں کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق سوک سینٹر سے مزار قائد جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سوک سینٹر جانے والے راستے پر سیوریج کے پانی کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ ہے، کورنگی کاز وے اور ای بی ایم کاز وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا جبکہ ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پانی موجود ہے جس کی نکاسی کا کام جاری ہے۔
انڈر پاس اور اس کے قریب پانی کے باعث کارساز سے ڈرگ روڈ جانے والے ٹریک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جبکہ ملیر کینٹ سے شارع فیصل آنے والے روڈ پر بھی پانی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے، سسٹم کی شدت آہستہ آہستی کم ہورہی ہے، جمعہ کو ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے جس کے بعد یہ سسٹم یہاں سے نکل جائے گا، تاہم 27 اگست سے ایک بار پھر کراچی سمیت سندھ میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔