وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کمشنر کراچی حسن نقوی نے بارشوں سے متعلق رپورٹ پیش کر دی۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی حسن نقوی کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کے تمام کام بر وقت مکمل کیے جائیں، شہریوں کو مشکلات سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نکاسی کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ مکمل رابطہ رکھیں، تمام ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں رہ کر نکاسی کے عمل کی نگرانی کریں، اسپتالوں، تعلیمی اداروں، ایمرجنسی راستوں سے پانی کی نکاسی کی جائے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ نالوں اور برساتی راستوں کی فوری صفائی یقینی بنائی جائے، کسی بھی علاقے میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو سہولت پہنچانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اس موقع پر کمشنر کراچی حسن نقوی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی کہ شہر کے 5 اہم انڈر پاسز ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، مرکزی و مصروف سڑکوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے، ٹریفک رواں دواں ہے۔
کمشنرکراچی نے بریفنگ دی کہ ڈرگ روڈ انڈر پاس سے پانی کی نکاسی کی ہے، جس کے بعد انڈر پاس ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، ایم ٹی خان روڈ، کشمیری محلہ، کورنگی کراسنگ روڈ سے پانی کی نکاسی کی ہے۔
انہوں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی کہ قیوم آباد، مہران ہائی وے پر نکاسی کا کام مکمل کر کے راستے کھول دیے ہیں، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ادارے نکاسی کے کام میں دن رات مصروف ہیں۔