• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پٹاخوں کے گودام میں دھماکے اور آگ سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر گزشتہ روز پٹاخوں کے گودام میں دھماکے اور آگ لگنے کے بعد گرنے والے ملبے میں سرچنگ کا عمل جاری ہے، اموات کی تعداد 6 ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گودام میں اب بھی پٹاخوں کے دو کنٹینر موجود ہیں۔

ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ ملبے سے ایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی، گوادام میں دھماکے سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی، 30 افراد زخمی ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ پریڈی تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا۔

پریڈی تھانے میں درج ایف آئی آر میں قتل بالسبب، دھماکہ خیز مواد اور آتش گیر مادہ ذخیرہ کرنے میں غفلت برتنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق گودام کے مالک حنیف اور اس کا بھائی ایوب بھی دھماکے میں زخمی ہوئے۔

حنیف کو ابتدائی طبی امداد جناح اسپتال میں دی گئی، پھر اسے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ پولیس کی تحویل میں ہے تاہم حنیف کا بھائی ایوب جناح اسپتال سے غائب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر شدید اشتعال پایا گیا اور آتشبازی کا سامان لے جانے والی گاڑی کو مشتعل عوام نے روک کر پتھراؤ کیا، گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور نقصان پہنچایا، جس پر پولیس نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات قابو میں کیے اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت 16سالہ اسد، 40 سالہ نوید، 32 سالہ کاشف، 40 سالہ شہزاد علی کے نام سے ہوئی ہے، ایک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

قومی خبریں سے مزید