’پاکستان آئیڈل‘ کا قافلہ ٹیلنٹ کی تلاش میں لاہور پہنچ گیا، جہاں آڈیشنز کے لیے نوجوانوں میں جوش و خروش نظر آ رہا ہے، جیو ٹی وی ایک بار پھر سب سے پہلے مقابلے دکھائے گا۔
دِل کی دھڑکنیں تیز ہوتی جارہی ہیں، گلوکاری کے شوقین نوجوانوں کو پاکستان کے سب سے بڑے میوزک مقابلے پاکستان آئیڈل 2025ء کا حصہ بنانے کے لیے کل (ہفتے کو) پاکستان کے دِل لاہور میں آڈیشن لیے جائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم کے قریب الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ’پاکستان آئیڈل‘ کے سنسنی خیز آڈیشنز کا میلہ سجے گا جہاں گلوکاری کے شوقین اور زندہ دلانِ لاہور اپنی آواز کے جادو سے سب کو متاثر کریں گے۔
اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا واقعی لاہوری، ملتان اور سکھر والوں کو پیچھے چھوڑ جائیں گے؟
منتظمین کے مطابق یہ آڈیشنز کسی بھی باصلاحیت گلوکار کو پیچھے نہیں رہنے دیں گے، نوجوانوں کے خواب حقیقت میں بدلیں گے اور ممکن ہے ’پاکستان آئیڈل‘ موسیقی کی دنیا میں ایک نئے اور بڑے ستارے کو جنم دیدے، آڈیشنز کا کڑا امتحان صبح 9 بجے سے شروع ہوگا۔
’پاکستان آئیڈل‘ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ملک بھر کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانے کا سنہری موقع دے رہا ہے۔
شائقین کو تاکید کی گئی ہے کہ وقت ضائع نہ کریں، اپنی آواز کو آزمائیں اور ہفتے کی صبح الحمرا کلچرل کمپلیکس پہنچ کر اپنے خوابوں کی دنیا کا دروازہ کھولیں، قسمت آزمائیں اور دُنیا پر چھا جائیں۔