وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت آبی وسائل کو سیلاب سے متاثرہ خیبرپختونخوا حکومت کی مکمل معاونت کا حکم دے دیا۔
سیلاب سے ہوئے نقصانات اور امدادی اقدامات پر جائزہ اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کی مدد قومی فریضہ ہے۔
اجلاس کو ملک کے بالائی و جنوبی حصوں میں متوقع بارشوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تسلی بخش ہیں، رابطہ سڑکیں بحال کردی گئیں، بجلی بحالی بھی بہتر ہوئی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج میں پانی کا لیول بڑھا ہے، جس میں بہاؤ 2 لاکھ کیوسک تک جاسکتا ہے۔ موسم کے حوالے سے مسلسل الرٹ جاری کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان بھی امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں، سپہ سالار بھی میرے ساتھ تھے اور وہ امدادی کاموں کو لیڈ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کے پی میں فلیش فلڈنگ سے جانی نقصان ہوا ہے، دو دن قبل ہم بونیر گئے وہاں سیلاب سے بے پناہ جانی نقصان ہوا، وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کا بھرپور ہاتھ بٹایا ہے، وفاقی وزرا نے امدادی کاموں میں صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ امیر مقام کی قیادت میں بھرپور طریقے سے امدادی کام جاری ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوایا ہے، افواج پاکستان نے مشکل ترین علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کو نکالا۔