بلوچستان کے ضلع حب میں بارشوں کے باعث حب ڈیم پانی سے بھر گیا، اسپیل وے کھولنے کیلئے صرف چھ فٹ پانی کی گنجائش باقی رہ گئی، گوادر میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے تینوں ڈیمز میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حب ڈیم میں پانی کی گنجائش 340 فٹ ہے، حالیہ بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح 334 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
ضلع کیچ کے میرانی ڈیم میں پانی کی گنجائش 246 فٹ ہے جہاں اس وقت 226 فٹ پانی دستیاب ہے۔
ضلع ژوب کے سبکزئی ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 94 فٹ ہے یہاں 30 فٹ پانی موجود ہے۔
ضلع گوادر میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے تینوں ڈیمز میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی ہے۔
گوادر کے شادی کور ڈیم میں پانی کی گنجائش 82 فٹ ہے لیکن وہاں صرف دو فٹ پانی دستیاب ہے، سوار ڈیم میں ڈیڑھ فٹ پانی اور آکڑا کور ڈیم میں بھی صرف دوفٹ پانی موجود ہے۔