چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ 307 جاں بحق افراد کے لواحقین میں 61 کروڑ 40 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین میں امدادی رقم کی تقسیم جاری ہے، 89 جاں بحق افراد کے ورثا کو امدادی رقم بھی جلد دی جائے گی۔
کے پی کے چیف سیکریٹری نے بتایا کہ بونیر میں 237 جاں بحق افراد کے ورثاء کو 33 کروڑ 20 لاکھ روپے دیے گئے، سوات میں 20 جاں بحق افراد کے لواحقین کو 4 کروڑ روپے کی امداد دی گئی، شانگلہ میں 36 جاں بحق افراد کے ورثاء کو 7 کروڑ 20 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوابی میں 42، دیر لوئر میں 5، بٹگرام میں 3 جاں بحق افراد کے خاندانوں میں بھی رقم تقسیم کی گئی، باجوڑ میں سیلاب سے جاں بحق 22 افراد میں سے 21 کے لواحقین کو بھی امدادی رقم دی گئی، مانسہرہ میں 25 جاں بحق افراد میں سے 14 کے ورثاء میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے تقسیم کیے۔
شہاب علی شاہ نے بتایا کہ زخمیوں میں بھی امدادی چیک تقسیم کردیے گئے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کا خیال رکھا جا رہا ہے، حکومت متاثرہ علاقوں کی دوبارہ بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔