کراچی میں کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں کاز وے ندی سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم برآمد ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جس میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ بیگ سے ریوالورز، متعدد میگزین، گولیاں اور 9 عدد رائفل گرینیڈ برآمد ہوئے تھے۔
اس اسلحے میں 2 عدد آر جی ڈی اور 3 عدد اے آر جی ایس ہینڈ گرینیڈ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق برآمد سامان میں 95 ایل ایم جی کی گولیاں، 75 تیس بور کی گولیاں اور 1 ہزار ایس ایم جی کی گولیاں بھی شامل ہیں۔
بی ڈی اسکواڈ نے تمام اسلحے اور دھماکا خیز مواد کو سیل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ سی ٹی ڈی کے حوالے کی جا رہی ہیں۔