دریائے ستلج میں بھارت سے پانی چھوڑنے کے بعد سطح بلند ہو گئی، بورے والا اور بہاولپور میں ہزاروں ایکڑ پر فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔
دریائے ستلج میں سیلابی صورتِ حال کے بعد بہاولپور کی تحصل صدر کے بیٹ کے علاقوں سے مکینوں کا انخلاء شروع کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور کے مطابق ماڑی قاسم شاہ کے بیٹ کے علاقوں سے خواتین اور بچوں کا انخلاء کیا گیا ہے۔
محکمۂ انہار کے مطابق دریائے ستلج میں بہاولپور میں ایمپریس برج کے قریب بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ہزاروں ایکڑ پر موجود کپاس، چاول اور تل کی فصلیں اور گھر ڈوب گئے ہیں۔
بورے والا میں ساہوکا اور اس سے ملحقہ آبادیاں زیرِ آب آ گئیںخ ہزاروں ایکڑ پر فصلیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ساہوکا چشتیاں روڈ میں شگاف پڑنے سے سیکڑوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ داد جملیرا، ساہوکا، فاروق آباد میں ٹینٹ ویلج قائم کر دیا گیا ہے۔