• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر بورڈ کراچی کے بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ (کمپیوٹر) امتحانات کے نتائج کا اعلان

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ (کمپیوٹر) کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر بحریہ کالج کارساز کے طالبعلم محمد ہارون ولد محمد اسلم رول نمبر 789352 اور گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج ملیر کینٹ کی طالبہ مائرہ خان بنت راجہ خان بُردی رول نمبر 800594 نے ٹوٹل 1100 میں سے 988 نمبروں کے ساتھ اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ ان امتحانات میں بحریہ کالج کارساز کے طالبعلم محمد انس ولد محمد فرقان رول نمبر 789350 نے 986 نمبروں کے ساتھ اے ون گریڈ دوسری پوزیشن جبکہ اسی کالج کی طالبہ عائشہ یاسین بنت محمد یاسین رول نمبر 800156 نے 982 نمبروں کے ساتھ اے ون گریڈ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 16 ہزار 842 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 16 ہزار 549 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 9 ہزار 199 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 55.59 فیصد رہا۔ 

ان امتحانات میں 514 امیدوار اے ون گریڈ، 1590 اے گریڈ، 2832 بی گریڈ، 2895 سی گریڈ، 1327 ڈی گریڈ اور 36 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے جبکہ 5 امیدوار پاس ہوئے۔

چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید