حالیہ مون سون بارشوں میں تیز ہواؤں کے باعث قصرِ ناز کراچی میں 150 سالہ قدیم برگد کا درخت گر گیا تھا جسے وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر بحال کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اس دوران وزیرِاعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دو دن سے جاری ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، 150 سالہ قدیم درخت نے زندگی کے نئے سفر کی شروعات کردی۔
سندھ کے محکمۂ جنگلات کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق درخت کی جڑوں کو فنگس اور دیمک کے حملے کی وجہ سے نقصان پہنچا، فنگس اور دیمک کے حملے کا سبب پانی کی کمی تھا، بھاری درخت کو کرین کے ذریعے نزدیکی مقام پر منتقل کیا گیا، ریسکیو آپریشن میں نیم اور کامنی کے درختوں کو بھی محفوظ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں درخت نزدیکی اور بہتر مقام پر دوبارہ لگائے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے محکمۂ جنگلات سندھ کی ریسکیو ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ برگد کے قدیم درخت کی بحالی موسمیاتی حوالے سے اہم پیش رفت ہے، قدیم درخت ماضی و حال کے تعلق کی علامت ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی درختوں کی اہمیت اور ان کی حفاظت کے لیے کوشاں رہیں۔