• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کے دورے سے پاک جاپان تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے: سید فیروز عالم شاہ

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

مشیر بورڈ آف انویسٹمنٹ سید فیروز عالم شاہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حالیہ جاپان کے دورے نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جاپانی حکومت اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مریم نواز کی قیادت اور وژن کو جس انداز میں سراہا گیا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور جاپان مستقبل میں مزید قریب آئیں گے۔

سید فیروز عالم شاہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جس تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ان میں جاپانی تجربے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا مریم نواز کا دانشمندانہ فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے صنعتی شعبے میں تعاون، خاص طور پر ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور ہائی ٹیک انڈسٹری میں شراکت داری، پنجاب کے عوام کے لیے براہِ راست فائدہ مند ثابت ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ماحولیات، ریلوے، ہائی ویز اور گاڑیوں کی صنعت میں جاپان کی دلچسپی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی دور اندیشی کو ظاہر کرتی ہے، ان شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاری ناصرف معیشت کو مضبوط کرے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

سید فیروز عالم شاہ نے کہا کہ مریم نواز کے وژن سے پاکستان کا مثبت اور جدید تشخص دنیا کے سامنے آ رہا ہے اور اوورسیز پاکستانی بھی اس دورے کو نہایت کامیاب قرار دے رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے بعد جاپانی سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کریں گے جس سے ناصرف صوبے بلکہ پورے ملک کی معیشت کو نئی طاقت ملے گی۔

قومی خبریں سے مزید