پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہوجائے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام علیمہ خان نے پارٹی کو پہنچادیا۔
اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات کے بعد علیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بونیر اور دیگر علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا نہ لینے کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی خود کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو ہدایات دیں اور کہا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر ان انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی کی کمیٹی ضمنی الیکشن پر بحث کرنے کے بعد کل آگاہ کرے۔
علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ ہم کارکنان کے شکر گزار ہیں، وہ ہمارے ساتھ یہاں کئی مہینوں سے کھڑے رہے، ہم 3 ماہ سے آرہے تھے ملاقات کرنے نہیں دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، 4 مہینے بعد ہم سب بہنوں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی گئی۔
بانی چیئرمین کی ہمشیرہ نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر سمیت باقی وکلا کی ملاقات بھی ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں کوئی مسئلہ ہے اس کے لیے عدالت میں درخواست دے رہے ہیں، آنکھوں کے علاج کے لیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز آئیں گے۔
علیمہ خان نے کہا ک ہسلمان اکرم راجا کا استعفی مسترد کیا گیا ہے جبکہ بشری بی بی کی صحت اچھی تھی، آج عدالت میں ماحول اچھا تھا۔