• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ دیا ہی نہیں، منظوری یا مسترد کا معاملہ ہی نہیں، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ دیا ہی نہیں تھا تو منظور یا مسترد ہونے کا معاملہ ہی نہیں۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کچھ باتوں پر ابہام ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر 100 فیصد عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بانی چیئرمین نے ہدایات دی ہیں کہ ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لینا ہےتو یہی بات حتمی ہوگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سلمان اکرم راجا نے استعفیٰ دیا ہی نہیں تھا تو منظور یا مسترد ہونے کا معاملہ نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہوئی ہے 3 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، ملاقات کرکے بہت اچھا لگا ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی نہیں ہونی چاہیے، جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سہولیات بحال کردی گئی ہیں، میں ہمیشہ مفاہمت کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اخبار اور کتابیں بھی مہیا کی گئی ہیں، ملاقات میں ملکی حالات اور پارٹی امور سمیت کے پی میں سیلاب کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بارشوں سے ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور صوبے میں متاثرین کی بحالی کےلیے بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ستمبر میں عدلیہ کی آزادی، جمہوریت کی بحالی، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے جلسہ کرنے جارہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سلمان اکرم راجا سمیت کسی بھی لیڈر کو پارٹی معاملات پر ٹوئٹ نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کمیٹی نے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ اگر کیا ہے، تو وہ اس میٹنگ میں نہیں تھے۔

قومی خبریں سے مزید