وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وفاق سیلابی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
وفاقی وزراء عطا تارڑ، سینیٹر مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سیلابی صورت حال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، وفاقی حکومت صورتحال پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کےلیے امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، اس دوران ریلیف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اجلاس کے شرکاء کو چیئرمین این ڈی ایم اے نے ڈیموں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ سے متعلق آگاہ کیا، اس موقع تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز موجود تھے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی نمائندگی بھی اجلاس میں موجود تھی،جس میں آئندہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر ریلیف و ریسکیو کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اےکی صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ کوآرڈینیشن جاری ہے، وفاقی حکومت صورتحال پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر کے ان کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔