وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا ہے، بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے آبی جارحیت کی ہے، اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ ورکنگ انفارمیشن رکھتا تو کم نقصان ہوتا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان کی طرف بھیج رہا ہے، تاکہ پاکستان کا زیادہ سے زیادہ نقصان ہو، وزیراعظم شہباز شریف کا کل نارووال کا دورہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیں گے، نارووال تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، پانی کا اسکیل بہت زیادہ ہے۔ 6 سے 8 فٹ پانی باہر روڈ پر جمع ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہو چکی ہے، اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، ہم سب کو مل کر سیاست سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہوگا، یہ وہ آفت ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں، یہ وہ نئی آفت ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں صف بندی کرنی ہے۔