جھنگ میں ریواز برج کے قریب دھماکا کر کے شگاف لگادیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق شگاف سے پانی قریبی دیہات میں پھیلے گا اور تریموں ہیڈ ورکس پر دباؤ کم ہوسکے گا۔
شگاف کے بعد پانی جھنگ چنیوٹ روڈ پر آگیا جس سے سڑک ڈوب گئی۔
دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند رکھنے پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ ننکانہ، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی بیلٹ کے علاقوں کو فوری خالی کرانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اب تک سیلاب سے 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، آبی گزرگاہوں کو خالی کرنا پڑے گا، اگر پانی کی گزرگاہوں کو خالی نہ کیا تو وہی ہوگا جو ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قدرت نے اب ایکشن لے لیا ہے، فلڈ پلین ایکٹ پر عمل کرایا جائے گا، وزیراعلیٰ کے واضح احکامات ہیں کہ پانی کی گزر گاہوں کو فوری خالی کرایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھے بغیر کوئی بھی ترقیاتی کام کریں گے تو اس میں نقصان اٹھائیں گے۔