• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کافی سال کے بعد سیکیورٹی کونسل میں ہماری قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کافی سال کے بعد سیکیورٹی کونسل میں ہماری قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی، پاکستان کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ جولائی میں امریکا گیا، اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی سربراہی ہمارے پاس تھی،  کئی سالوں سے سیکیورٹی کونسل میں کوئی قرارداد متفقہ منظور نہیں ہو رہی تھی، کافی سالوں کے بعد سیکیورٹی کونسل میں ہماری قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی، اب یہ ہماری قرارداد مختلف فورمز پر کوٹ ہورہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے میں نے جو بیان دیا اس کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا، میری ملاقات اقوام متحدہ کے صدر اور سیکریٹری جنرل سے بھی ہوئی، فلسطین، کویت، بنگلادیش، سعودی عرب، تھائی لینڈ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ سے میری ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بات کی، مشرق وسطیٰ اور ایران کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی، امریکا کے بعد برطانیہ کا دورہ کیا اس کے بعد افغانستان کا دورہ کیا، بنگلادیش کا بھی دورہ کیا اور وہاں اہم ملاقاتیں کیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ برطانیہ میں سندھ طاس معاہدے پر ماہرین کے گروپ سے بھی ملاقات کی، پاکستان کے لیے برطانیہ سے براہ راست پروازوں کی پابندی ختم ہو گئی، مانچسٹر سے پاکستان کے لیے ہفتے میں تین کے قریب پروازیں ہوں گی، قومی ایئر لائن برطانیہ کے ساتھ پروازوں کی تیاری کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابل میں ہمارا سہ فریقی اجلاس بڑا مفید تھا، اجلاس میں افغانستان نے 19 اپریل کو میرے دورہ پر کی گئی باتوں پر عملدرآمد کی تعریف کی۔

قومی خبریں سے مزید