جرمنی کے نئے قونصل جنرل تھامس ایبرہارڈ شلزے نے کراچی میں اپنے عہدے کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا ہے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد قونصل جنرل شلزے نے صوبہ سندھ میں اہم حکومتی و کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
قونصل جنرل تھامس ای شلزے نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
تھامس ایبرہارڈ شلزے ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں جنہیں بین الاقوامی تعلقات کے میدان میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ کراچی میں تعیناتی سے قبل وہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جرمن قونصل جنرل اور جمہوریہ کروشیا میں جرمن سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ جرمن وزارتِ خارجہ میں مختلف عہدوں پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں، جن میں ویزہ قانون اور انتظامی عدالت سے متعلق امور کے شعبے کے سربراہ کی حیثیت بھی شامل ہے۔
تھامس ایبرہارڈ شلزے ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری رکھتے ہیں، قانون کے شعبے میں ماہر ہیں جبکہ انہوں نے کو بلنز، اسپیئر اور جکارتہ میں قانونی انٹرن شپس مکمل کی ہیں۔
کراچی میں موجود جرمن قونصل خانہ، قونصل جنرل شلزے کی قیادت میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔