• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

راوی پل، مال روڈ، گلبرگ، ڈیوس روڈ اور گڑھی شاہو میں بارش ہوئی۔

ترجمان واسا کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 145 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ لکشمی چوک میں 124، اپرمال میں 124 اور تاج پورہ میں 119ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقبال ٹاؤن میں 106، گلشن راوی میں 97، فرخ آباد میں 92، پانی والا تالاب میں88، گلبرگ میں 84، جوہر ٹاؤن میں 80، مغل پورہ میں 67، جیل روڈ پر 58 اور ایئرپورٹ پر 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوائیں 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مون سون کا آٹھواں اسپیل 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ادھر چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دو گھنٹوں سے زائد مسلسل بارش کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

شیخوپورہ اور گرد و نواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ جہلم اور گرد و نواح میں بھی بارش سے ندی نالے بپھر گئے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

ملتان شہر اور گردونواح میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش سے صدر، جی ٹی روڈ، گلبہار اور گورنر ہاؤس کے قریب شیر شاہ سوری روڈ پر پانی جمع ہوگیا۔

باغ آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارش سے نالہ ماہل میں طغیانی کے سبب نالے کے کنارے آباد بستی خالی کروالی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ شام یا رات کو سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید