بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ میرے بیٹوں کو گرفتار کرکےوہ بانی پی ٹی آئی پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیر شاہ کی ضمانت پر سماعت تھی، تفتیشی افسر نے ریکارڈ پیش نہیں کیا، ابھی پنجاب پولیس کو آرڈر ہے کہ ریکارڈ پیش نہ کریں، اس مقدمے میں سب کی ضمانت ہو چکی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ہم بہنیں اڈیالہ جارہی ہیں، کل ہمارے بھائی سے ملاقات کا دن ہے، بانی پی ٹی آئی کا مکمل چیک اپ کرا دیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے اس طرح قید کر کے یہ نہیں توڑ سکتے، پاکستان ہمارا ملک ہے، ہم قربانی دینے کو تیار ہیں۔
دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
دوران سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگی تھی۔
علیمہ خان نے کہا کہ پراسیکیوشن ضمانت کو لٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔