• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: میں آپکا دشمن نہیں، اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں: مصطفیٰ کمال

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی کے علاقے سُپر ہائی وے پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا۔

اس موقع پر انہوں نے عوام زور دیا ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 156 اضلاع میں سے 78 اضلاع میں پولیو وائرس ہے، اگر پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے تو پھر تو 25 ہزار کیسز ہر سال رپورٹ ہوں گے۔ اس علاقے میں 27 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پورے افغانستان میں طالبان خود پولیو کے قطرے پلانے کے لیے جارہے ہیں، ہمارے یہاں مہم شروع ہوئی ہے تو افغانستان میں بھی آج ہی شروع ہوئی ہے۔ پورے افغانستان میں اس وقت مہم جاری ہے، کیا وہ امریکی ایجینٹ ہیں؟

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پولیو کے قطرے نہ پلانے والے پر دباؤ نہیں ڈالیں گے۔ ہم کسی پر دباؤ نہیں ڈالتے مگر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ پولیو قطرے کے ذریعے نسل کشی کی جارہی ہے؟ میں آپ کا دشمن نہیں، آپ میں سے ہی ہوں، کیا میں اپنے بچوں کو زہر دوں گا؟ کراچی کے مسائل کی سزا آپ لوگ اپنے بچوں کو نہ دیں، آپ کم از کم یہ تو دیکھو کون آپ سے کہہ رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے پولیو ورکرز کو منع کیا کہ پولیس کسی کے گھر میں نہیں جائے گی، جو نہیں پلانا چاہتا اسے نہیں پلاؤ، بس پہلے سمجھاؤ، نہیں مانتے تو چھوڑدو، ہمارا کام ہے کہ آپ کو سمجھائیں دلوں کو پھیرنا رب کے ہاتھ میں ہے۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ میں بس اپنی بات رکھتا ہوں ماننا نہ ماننا آپ کا کام ہے، میں اپنے لیے جہنم کا ایندھن نہیں بنانا چاہتا، اتنی کوشش کے باوجود بھی اگر کوئی بچہ پولیو کا شکار ہوتا ہے تو ذمہ داری ہماری نہیں۔

قومی خبریں سے مزید
صحت سے مزید