• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو ویکیسن پلانے سے منع کرنے والوں میں سب سے زیادہ شرح کراچی کی ہے، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انسداد پولیو ویکیسن پلانے سے منع کرنے والوں میں سب سے زیادہ شرح کراچی کی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے شہر میں پولیو مہم کی خود نگرانی کرنے کااعلان کیا اور کہا کہ پولیو سے بچاؤ کا واحد حل ویکیسن ہے،اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ صرف پاکستان اور افغانستان میں پولو وائرس موجود ہے، انشا اللّٰہ جلد ہی پولیو سے ملک کو پاک کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر سے ملک بھر میں پولیو مہم شروع ہو رہی ہے، مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال ہے، این ڈی ایم اے کی ٹیم ہم سے رابطے میں ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ آج اہم میٹنگ ہوئی، جس میں چاروں صوبوں کےچیف سیکرٹریز شامل ہوئے۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ پورے ملک میں انسداد پولیو مہم چل رہی ہے، بہت جلد ملک کو پولیو سے پاک کرلیں گے، کراچی کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 10 ستمبر سے پولیو مہم شروع ہورہی ہے، باقی 3 صوبوں میں یکم ستمبر سے پولیو مہم شروع ہوگی۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ملک کے 127 اضلاع کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے، رواں سال 26 میں سے 16 پولیو کیسز کے پی میں ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 13 کیسز جنوبی کے پی کے سے سامنے آئے ہیں، سندھ میں تمام اداروں کو سیلابی صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کو آرڈینیشن کے ساتھ صحت کی ضروریات پوری کررہے ہیں، ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے صورتحال مزید بد تر ہوگی۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں لوکل گورنمنٹ کا مضبوط نظام چاہیے، لوکل گورنمنٹ کے پاس اختیارات ہونے چاہئیں۔

قومی خبریں سے مزید
صحت سے مزید