وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالا باغ ڈیم منصوبے کی حمایت کردی۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سب کو مطمئن کرکے کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے کو اپنےبچوں اور پاکستان کے مستقبل کےلیے بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائیت کے چکر میں پورے پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، پورے ملک کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیل سکتا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ تمام کو اپنے حقوق کے مطابق تحفظات کو دور کرکے کالا باغ ڈیم جیسا پروجیکٹ کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد: خیبر پختونخوا اس وقت بارشوں، کلاوڈ برسٹ اور فلیش فلڈ کا شکار ہے،صوبہ اپنے دستیاب وسائل سے امدادی اور ریلیف سرگرمیاں سرانجام دے رہا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ پنجاب ہمارا بھائی ہے، اس میں رہنے والے تمام لوگ ہمارے اپنے ہیں، ہم سے جتنا ہو سکا اپنے بھائیوں کے لیے ضرور کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کو کہا ہے جس چیز کی ضرورت ہو ہم دینے کے لیے تیار ہیں، ہمیں اپنے بھائیوں کی تکلیف کا اندازہ ہے اور ان کے دکھ میں شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ افغان عوام کو جس قسم کی مدد کی ضرورت ہوگی خیبر پختونخوا حکومت فراہم کرے گی۔ ریسکیو ٹیمیں، میڈیکل سہولیات اور امدادی سامان فراہم کرنے کو تیار ہیں، متاثرین کی بحالی اور دیگر ضروریات میں بھی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہے، افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے ہر طرح کی امداد و تعاون دینے کو تیار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ چالیس سال افغان مہاجرین کو اپنے پاس رکھا، اب اس طرح واپس بھیجنا نامناسب ہے، اُن کو باعزت طریقے سے واپس بھیجنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں کسی افغان مہاجر کو تنگ نہیں کیا جا رہا، افغان مہاجرین پر چھاپے بھی نہیں مارے جاتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغان حکومت سے رابطہ کرکے زلزلہ متاثرین کےلیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی ہے۔