• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رُکا ہوا ہے: علی امین گنڈاپور

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رُکا ہوا ہے۔

اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان سب ہمارے صوبے ہیں۔ مریم نواز نے سیلاب کے دوران کال کی اس پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب کو سیلاب میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مدد کی پیشکش کی ہے، سیلاب کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، ہماری کچھ مشینری وفاق میں پھنسی ہوئی تھی وہ زیادہ تر مل گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر سیاست کریں تو الگ بات ہے، کالا باغ ڈیم سے 3 صوبوں کو فائدہ ملے گا۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا کو پانی ملے گا، سندھ کو کالا باغ ڈیم پر ایشوز ہیں، میز پر بیٹھیں بات کریں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رُکا ہوا ہے، ایسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈیم مکمل کرنے کے لیے کوئی صوبہ پیسے دینے کو تیار نہیں، پنجاب 1200 ارب روپے کا ترقیاتی پلان ایم پی ایز کے کمیشن کھانے کے لیے دیتا ہے، ملک کے لیے پنجاب نے پیسے نہیں دیے، صرف میں نے ڈیمز کے لیے پیسے دینے کی بات کی، میں اب بھی پیسے دینے کو تیار ہوں، بیشک جہاں سے بھی پورے کروں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ پچھلے 17 ماہ میں 10 لاکھ بچے بچیوں کو اسکول میں واپس بھیجا، ہم اپنی ٹرانسمیشن لائنز بچھا رہے ہیں، جو جلد مکمل ہو جائیں گی، نیشنل گرڈ کو بجلی نہیں چاہیے وہ کہتے ہیں بجلی ہمارے پاس سرپلس ہے، پچھلے سال ہم نے صوبے کے اندر سے 250 ارب روپے جنریٹ کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب مجھے صوبہ ملا اس دن صرف ہمارے پاس 18 دن کی تنخواہ تھی، ہم نے 153 ارب روپے کا ڈیولپمنٹ بجٹ دیا، ہم نے 40 ارب روپے پنشن کےلیے مختص کیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ آئین ہے نہ قانون ہے، یہ سیاست نہیں ہو رہی، صرف انتقام بازی چل رہی ہے، ملک میں سیاست کا وجود ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کا کام آئینی ہے، فیصل کریم کنڈی کو کئی دفعہ پیغام بھجوایا کہ باز آ جاؤ سیاست مت کرو، گورنر کو خیبرپختونخوا سے نکال سکتا ہوں، وہ گھر میری حکومت کی ملکیت ہے۔

قومی خبریں سے مزید