اسلام آباد کی عدالت نے سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے اور اغوا کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار حسن زاہد کے خلاف دائر 2 مقدمات میں سے 1 میں ضمانت مل گئی۔
اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز گرفتار ملزم حسن زاہد کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیاء کی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے حسن زاہد کی 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔ تاہم ملزم شالیمار تھانے میں درج ایک اور مقدمے میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہے۔
واضح رہے کہ حسن زاہد کو اسلام آباد میں مقیم انفلوئنسر سامعہ حجاب کی شکایت پر ہراساں کرنے، حملہ کرنے، اغوا کرنے اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں 2 مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا۔
ٹک ٹاکر نے 4 روز قبل حسن زاہد پر الزام عائد کیا تھا کہ حسن زاہد نے انہیں ان کے گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعے میں کیپٹل سٹی پولیس نے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مبینہ اغوا کار کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا تھا۔