پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنبل اقبال نے انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔
گزشتہ روز اداکارہ سنبل اقبال نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’رمضان میں ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، شو کے دوران انہوں نے اپنی نجی زندگی، شوبز کی مصروفیات، رمضان المبارک میں اپنی روایتی سرگرمیوں اور بچپن کی دلچسپ شرارتوں سے متعلق گفتگو کی۔
دورانِ پروگرام حاضرین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کم عمری میں شہرت حاصل کرنے کے تجربے پر کھل کر بات کی اور میڈیا انڈسٹری چھوڑنے کے امکان سے متعلق سوال کا بھی جواب دیا۔
شو کے دوران جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے کبھی شوبز چھوڑنے کا سوچا ہے؟ تو سنبل اقبال نے کہا کہ میں نے کبھی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا نہیں سوچا، میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ لوگ مجھے جانتے ہیں اور میرے کام کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جو بھی کام کیا، چاہے اچھا ہو یا بُرا، لوگوں نے اسے تسلیم کیا جس پر میں شکر گزار ہوں، یہی بات مجھے مزید کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے، جس کام کے لیے آپ نے اپنی زندگی کا اتنا وقت دیا ہو، اسے اچانک چھوڑ دینا دانشمندی نہیں۔
انہوں نے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرا سب کے لیے پیغام ہے کہ جس کام سے آپ وابستہ ہوں، اسے کبھی نہ چھوڑیں۔
کم عمری میں شہرت حاصل کرنے کے حوالے سے سنبل اقبال نے کہا کہ کم عمر میں شہرت ملنا ایک ناقابلِ یقین احساس تھا، میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتی ہوں، سچ کہوں تو ابتداء میں مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ میں مشہور ہو چکی ہوں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ مداحوں کی توجہ کیسی ہوتی ہے۔
انہوں نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک بار کالج کے بعد یونیورسٹی میں داخلہ لینے گئی تو لوگ مجھے میرے کردار کے نام سے پکارنے لگے، لڑکے اور لڑکیاں ہنستے، تعریف کرتے اور میرے مکالمے دہراتے تھے، یونیورسٹی کی راہداریوں سے گزر کر صرف داخلہ فارم جمع کروانا بھی مشکل ہو گیا تھا، اندر سے خوشی تھی مگر روزانہ اتنی شہرت کے ساتھ یونیورسٹی آنا میرے مشکل تھا، اس لیے میں نے اپنی تعلیم پرائیوٹ مکمل کی۔