طالبان حکومت کے ترجمان نے کابل، پکتیا اور قندھار پر بم باری کی تصدیق کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق رات تقریباً 1 بج کر 50 منٹ پر کابل میں طالبان کے ایک فوجی مرکز کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
صوبے پکتیا میں طالبان منصوری کور پر 2 مرتبہ بم باری کی گئی۔
رات 12 بجے کے بعد قندھار میں پاکستانی طیارہ پرواز کرتا ہوا دیکھا گیا۔
اس سے قبل سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاک فضائیہ نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کابل، قندھار اور پکتیا میں اہم ملٹری تنصیبات تباہ کر دیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فضائی کارروائیوں کے دوران کابل میں 2 بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز تباہ ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ قندھار میں ایک کور ہیڈ کوارٹر، ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر، ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس تباہ کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پکتیا میں بھی کور ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔