بھارت کی ریاست اتر پردیش میں سموسوں کے معاملے پر گھریلو جھگڑا بڑے فساد میں بدل گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کو اسپتال منتقل کرنا پڑا جبکہ چار افراد پر قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیوم نامی شخص، جو انندپور کا رہائشی ہے، اپنی بیوی سنگیتا کے لیے سموسے نہ لایا جس پر دونوں میں جھگڑا شروع ہوگیا، اگلے روز سنگیتا نے اپنے والدین اور ماموں کو بلا لیا۔
جس کے بعد گاؤں کے سابق سربراہ اودھیش شرما کی موجودگی میں پنچایت بلائی گئی، لیکن یہ پنچایت لڑائی جھگڑے میں بدل گئی، جہاں سنگیتا اور اس کے رشتہ داروں نے شیوم پر حملہ کر دیا۔
اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں متاثرہ شخص اور اس کے اہل خانہ کو پیٹتے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق شیوم کی والدہ وجے کماری نے تحریری شکایت درج کرائی جس کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں قتل کی کوشش کی دفعات بھی شامل ہیں۔