پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہونے لگے، امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی پانچ رکنی ٹیم نے سی اے اے کا سیفٹی آڈٹ شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی سی اے اے کے مختلف شعبوں کی جانچ پڑتال کرے گی، سیفٹی آڈٹ سے پاکستان سول ایوی ایشن کی کیٹیگری اپ گریڈ کرنے میں مدد ملے گی۔
سیفٹی آڈٹ میں کامیابی کی صورت میں براہ راست پروازوں کی بحالی بھی ہو سکے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کی امریکا میں کیٹیگری 2 ہے، جعلی لائسنس پائلٹس اسکینڈل سامنے آنے پر ایف اے اے نے سی اے اے کی کیٹیگری ون سے ڈاؤن گریڈ کر کے 2 کیا تھا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی پانچ رکنی ٹیم سیفٹی آڈٹ مکمل کر کے 12 ستمبر کو پاکستان سے واپس امریکا روانہ ہوگی۔