پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا سب سے تیز گیند کرانے کا ریکارڈ توڑنا بہت مشکل لگتا ہے لیکن اگر کوئی تکنیکی غلطی ہو جائے تو یہ ریکارڈ کسی بھی وقت توڑا جاسکتا ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں ہونے والی ایک ایسی ہی غلطی نے دنیا بھر میں موجود شائقینِ کرکٹ اور شعیب اختر کے ریکارڈ کا علم رکھنے والوں کو حیران اور پریشان کردیا۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے اپنے دوسرے اوور کی پہلی گیند بھارتی بیٹر روہت شرما کو کروائی جس کی رفتار اسپیڈو میٹر نے 176 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی۔
اسپیڈو میٹر کی یہ غلطی فوراً ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر سب حیران ہوگئے۔
واضح رہے کہ مچل اسٹارک عام طور پر 140 سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اسپیڈ سے گیند گرواتے ہیں جبکہ تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ اب بھی شعیب اختر کے پاس ہے۔
شعیب اختر نے 2003 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ سے گیند کروائی تھی۔
شعیب اختر کا یہ ریکارڈ 22 سال بعد بھی ان کے نام ہے۔