وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو بارش اور پانی سے مشکلات ہو رہی ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرنے جا رہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت نے اتنی بڑی آفت میں بہترین کام کیا، ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ 4 ہزار 335 دیہات متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ آبادی 42 لاکھ ہے، 18 لاکھ 581 ایکٹر رقبہ متاثر ہوا ہے، ایک ہزار 543 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے راستے میں کچھ ریکارڈ تو کچھ بغیر ریکارڈ کے کالونیاں بنیں، ڈینگی سرویلنس موجود ہے جہاں پانی اتر گیا ہے وہاں کام شروع ہے، جن علاقوں میں ڈینگی مچھر کی شکایات ہیں وہاں اسپرے کروائے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، جہاں پانی کم ہونا شروع ہوا ہے وہاں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر نہ جائیں۔