• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈی گاگا آرٹسٹ آف دی ایئر قرار، اسٹیج پر آبدیدہ ہوگئیں

تصویر:سوشل میڈیا
تصویر:سوشل میڈیا

 عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ لیڈی گاگا نے 2025ء کے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز (VMAs) میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے آرٹسٹ آف دی ایئر کا اعزاز اپنے نام کرلیا، اس موقع پر وہ اسٹیج پر آبدیدہ ہو گئیں اور جذباتی تقریر نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

ایوارڈ وصول کرتے وقت گاگا نے جیب سے ایک پرچہ نکالا اور رقت آمیز لہجے میں کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ اگر آج یہ ایوارڈ مل گیا تو یہ لمحہ میرے لیے کتنا قیمتی ہوگا، میں بیان نہیں کرسکتی کہ یہ اعزاز میرے لیے کتنا معنی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ ہونا بذاتِ خود ایک انعام ہے کیونکہ اس کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کی روحوں کو جوڑنا اور ان کے دلوں میں خواب جگانا ہے۔

اپنی تقریر کے دوران گاگا نے اپنے منگیتر مائیکل پولانسکی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے ایوارڈ ان کے نام کردیا۔ 

انہوں نے کہا کہ میرا ساتھی، میرا ہمسفر، مائیکل اس سال تمہارے ساتھ کام کرنا ایک خوبصورت خواب رہا، یہ اعزاز تمہیں بھی سونپتی ہوں۔

تقریر کے اختتام پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں تمام پرفارمنس دیکھنا چاہتی ہوں لیکن مجھے فوراً میڈیسن اسکوائر گارڈن واپس جا کر اپنے کنسرٹ کی تیاری کرنی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید