پاکستان کی سینئر اداکارہ اور مقبول فنکارہ اسماء عباس نے کہا ہے کہ روبی انعم نے جو کیا وہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کیا۔ انہوں نے لاہور کی تھیٹر انڈسٹری کے فنکاروں کے منفی تاثرات کو تقویت دی ہے۔
حال ہی میں کامیڈین و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں سینئر اداکارہ نے شرکت کی۔ جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، نجی زندگی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔
انہوں نے دورانِ انٹرویو حالیہ تنازع پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جس میں اسٹیج کی اداکارہ روبی انعم نے ان پر اور ان کی بڑی بہن و لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اسماء عباس نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سے کئی لوگوں نے اس تنازع پر سوال کیا، ردعمل دینے کا کہا لیکن ہم نے کوئی جواب نہیں دیا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے یہ سب شہرت کے لیے کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے افسوس ہوا لیکن اس انڈسٹری میں کئی لوگ برسوں سے کام کر رہے ہیں مگر انہیں وہ کامیابی و شہرت نہیں ملی جس کی وہ خواہش رکھتے ہیں اس لیے شاید انہوں نے سوچا کہ میں کوئی ایسی بات کہہ دوں جس سے راتوں رات وائرل ہوجاؤں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ آپا کراچی والی ہیں اور ہم لاہور والے ہیں، وہ ہمیں اکثر اس پر چھیڑتی رہتی ہیں جبکہ میں لاہور میں کام کرتی ہوں تو لوگ بہت عزت دیتے ہیں لیکن ایسے (روبی انعم) لوگ تو ثابت کر دیتے ہیں کے لاہور کے تھیٹر کے اداکار ایسے ہوتے ہیں، جس پر بہت شرمندگی ہوتی ہے حالانکہ میں نے بھی تھیٹر میں کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تھیٹر اداکارہ روبی انعم نے وی لاگنگ کرنے پر بشریٰ انصاری اور اسما عباس کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اب ان کی عمر ہوچکی ہے اس لیے انہیں آرام کرنا چاہے۔