• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو کراچی: گارمنٹ فیکٹری آتشزدگی کے باعث گر گئی، 8 فائر فائٹرز زخمی

اسکرین گریب
اسکرین گریب

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں گارمنٹ فیکٹری آتشزدگی کے باعث گر گئی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ نیو کراچی سیکٹر 8 اے کے قریب گارمنٹ فیکٹری میں پیش آیا۔

حکام نے بتایا کہ منگل کی صبح 7 بجے کے قریب 3 منزلہ عمارت کی بیسمنٹ میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فیکٹری میں 200 سے 300 لوگ موجود تھے جنہیں نکال لیا گیا ہے۔

فائر حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کے عمل میں 26 سے 27 اہلکاروں نے حصہ لیا اور 8 گاڑیوں کی مدد سے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا جب کہ اس دوران آس پاس کی عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا۔

حکام کے مطابق عمارت کمزور ہونے کی وجہ سے کولنگ کے عمل کے دوران نیچے آگری جس کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور سرچنگ کے عمل کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب عباسی شہید اسپتال کے ایم ایس نے بتایا ہے کہ فیکٹری میں آگ بجھاتے ہوئے جھلس کر 8 فائر فائٹرز زخمی ہوئے جنہیں عباسی شہید لایا گیا ہے، 2 فائرفائٹرز کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ شدید زخمی 4 فائر فائٹرز کو سول ٹراما سینٹر اور 2 کو گلشن اقبال کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید