• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال میں سرحد پار سے پھر حملہ، فورسز کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک

 چترال (نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) چترال کی وادی کیلاش کے علاقے استوئی میں سرحد پار سے پھر حملہ کیا گیا، حملے میں دہشت نے مقامی افراد پر فائرنگ کی تاہم فورسز کی جوابی کارروائی میں 5؍ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ چارسدہ میں 2؍ بم دھماکوں میں 5؍ افراد زخمی ہوگئے ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق چترال میں وادی کیلاش کے علاقہ استوئی میں دہشت گردوں نے مقامی افراد پر فائرنگ کردی جس پر سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیاگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔واضح رہے کہ چند دن قبل بھی اسی علاقے میں افغا نستان سے آنے والے دہشت گردوں نے دو کیلاشی چروا ہو ں کو قتل کر دیا تھا اور ان کی بھیڑ بکریاں ساتھ لے گئے تھے۔ ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کے سیشن کورٹ کے قریب ڈیڑھ گھنٹے کے دوان دو دھماکوں میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ۔بی ڈی ایس کے مطابق پہلا دھماکا  ریمورٹ کنڑول تھا جس میں دو کلو بارود موادکو گھی کے ایک ڈبے میں رکھا گیا تھا جسے موبائل ڈیوائس کے ذریعے منسلک کیا گیا تھا جبکہ دوسرے دھماکے کے حوالے سے بی ڈی ایس نے تاحال حتمی رپورٹ جاری نہیں کی ۔ دھماکے کے عینی شاہد ٹی ایم اے چارسدہ کے سینیٹری انسپکٹر نے بتایا کہ بم کو پولیس چیک پوسٹ کے قریب نالے میں رکھا گیا تھا۔ ٹی ایم اے کے اہلکار پہلے دھماکے کے بعد اسی نالے کی صفائی کر رہے تھے کہ اس دوران زوردار دھماکا ہوا ۔ دوسری طر ف خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران224؍ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ، قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا،آپریشن کے دوران ایک پولیس جوان شہید اور 2؍ اہلکار زخمی ہوئے۔ 
تازہ ترین