• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی ٹیکس چوروں کی شناخت، محصولات وصولی سے متعلق قدم اٹھانے کی ہدایت

فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوروں کی شناخت اور محصولات کی وصولی سے متعلق بڑا قدم اٹھانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کے جائزہ اجلاس میں ہدایت کی کہ ٹیکس چوروں کی شناخت اور محصولات کی وصولی کےلیے پروفیشنلز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی پذیرائی اور ٹیکس چوروں کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کےلیے مفید ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کےلیے کاروبار دوست ماحول، ہر ممکن سہولت کی فراہمی اور ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی شناخت کےلیے نجی شعبے کی خدمات حاصل کی جائیں، تھرڈ پارٹی جائزے کو جاری رکھا جائے تاکہ سسٹم کے اندر خامیوں کی نشاندہی ہو سکے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کسٹم کلیئرنس میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے تھرڈ پارٹی جائزے کےلیے بہترین بیرون ملک آڈیٹرز کا انتخاب کیا جائے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمے دار شہری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کی شناخت کیلئے نجی شعبے کی خدمات حاصل کی جائیں۔

شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس دہندہ گان کی ڈائریکٹری اور محصولات میں اضافے کےلیے سپر آڈیٹرز کے ذریعے اقدامات کیے جائیں۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ انکم اور سیلز ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کےلیے ٹیکس پیئر ڈائریکٹری کی تکمیل پر کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ کسٹم کلیئرنس میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے تھرڈ پارٹی جائزہ کے لیے سائنٹفک آڈیٹنگ نظام ترتیب دیا گیا۔

جائزہ اجلاس کی بریفنگ میں کہا گیا کہ اس نظام کے تحت سپر آڈیٹرز کا تعین کیا گیا، جس میں کسٹم کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ اس جائزے سے مرتب شدہ نتائج کو رسک مینجمنٹ  سسٹم میں بہتری کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید