بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی اراکین کو سینیٹ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔
یہ بات بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی نے پارٹی اراکین کو سینیٹ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے، اور کہا ہے جتنے پارٹی سینیٹر کمیٹیوں میں بیٹھے ہیں فوری استعفیٰ دیں۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو ناجائز سزائیں دے کر سیٹوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا آئندہ کچھ دنوں تک اگلا لائحہ عمل دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، بشریٰ بی بی کی صحت ٹھیک نہیں، بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست دے دی گئی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے کہا آپ کو کیوں اٹیک کر رہے ہیں؟ میں نے بانی پی ٹی آئی سے کہا یہ چاہتے ہیں آپ کا پیغام باہر نہیں جائے۔